Monday, 8 July 2013

پاکستانی شاہین ویسٹ انڈیز پرواز کر گئے

کراچی: ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کیلئے پاکستانی شاہین کریبین آئی لینڈ پرواز کر گئے۔
پاکستان کی 16 رکنی ٹیم اتوار کے روز  کراچی سے دبئی اور پھر لندن سے براستہ ویسٹ انڈیز روانہ ہوئی۔
ویسٹ انڈیز روانگی کے وقت ٹیم کے کپتان مصباح الحق میڈیا سے گفتگو کیے بغیر چلے گئے جبکہ پی سی بی کا کوئی نمائندہ بھی ائیرپورٹ پر موجود نہیں تھا۔
اس موقع پر میڈیا نے شاہد آفریدی سے بات کی ، ان کا کہنا تھا کہ وہ شائقین کی توقعات پر پورا اتریں گئے ، ٹیم متوازن ہے اور اچھا پرفارم کریگی۔
مصباح کی میڈیا سے بات نہ کرنے کے سوال پہ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا سامنا کرنے سے نہیں ڈرتا،عوام میں ہوں اور رہوں گا ، دوسرے کھلاڑیوں کی طرح منہ نہیں چھپاتا۔
واضح رہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے  16رکنی قومی ٹیم مصباح الحق(کپتان)، ناصر جمشید،احمد شہزاد، محمد حفیظ،اسد شفیق، عمر اکمل،شاہد آفریدی، سعید اجمل، جنید خان، محمد عرفان، وہاب ریاض، اسد علی، عمر امین، محمد رضوان، حارث سہیل اور عبدالرحمان پر مشتمل ہے، پاکستانی ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 5 ون ڈے انٹر نیشنل اور 2 ٹوئنٹی 20میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 14جولائی کو پرویڈنس میں ہوگا، دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اسی میدان میں  16جولائی کو کھیلا جائے گاجبکہ تیسرا، چوتھا اور پانچواں میچ بالترتیب 19،21اور 24جولائی کو گراس آئی لیٹ، سینٹ لوشیا میں کھیلے جائیں گے۔
 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل سیریز کا  پہلا اور دوسرا میچ 27اور 28جولائی کوآرنوس ویل گراؤنڈ، سینٹ ونسٹ، کنگسٹن میں شیڈول ہیں