Wednesday, 24 July 2013

سکھر میں آئی ایس آئی دفتر کے قریب دھماکے،5 ہلاک

سکھر: پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں ملک کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے دفتر کے قریب دھماکے ہوئے ہیں۔
نمائندہ دی نیوز ٹرائب کے مطابق سکھر کی بیراج کالونی میں واقع آئی ایس آئی کے دفتر کے قریب مغرب کی ازان کے چند منٹ بعد ہونے والے یکے بعد دیگر چار دھماکوں میں 5 افراد ہلاک جب کہ 40 زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
نمائندے کا کہنا ہے کہ دفتر کے قریب ہونے والا پہلا دھماکے انتہائی زوردار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکوں کے بعد دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تاحال فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
دھماکوں کے بعد رینجرز اور پولیس کے کمانڈوز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بیراج کالونی سکھر کا انتہائی حساس علاقہ ہے جس میں آئی ایس آئی، کشمنر ہاؤس ، ڈی آئی جی سکھر کی رہائش گاہ ، ججز لاجز ، شہباز رینجرز ہیڈ کوارٹر اور دیگر حساس اداروں کے دفاتر موجود ہیں۔
ڈی آئی جی سکھر جاوید اوڈھو کے مطابق دھماکے کمپاؤنڈ میں ہوئے جس میں آئی ایس آئی ، ڈی آئی جی اور کمشنر کے آفسز ہیں، دھماکوں سے آئی ایس آئی دفتر کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ ایک عمارت میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع اور ریجن کی ناکہ بندی کردی گئی ہے جب کہ صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے پولیس اور رینجرز کے مزید دستے بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک دھماکوں کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی کہ آیا حملہ خودکش تھا یا ٹائم ڈیوائس نصب کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ایک سرکاری عمارت پر تاحال دہشتگردوں کا قبضہ ہے جہاں سے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جارہی ہے۔