Tuesday, 2 July 2013

وزیر اعظم نواز شریف 5روزہ دورے پر چین روانہ


اسلام آباد…وزیر اعظم نواز شریف 5روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے۔وزیراعظم کادورہ چین ، اقتصادی اور اسٹریٹیجک تعاون بڑھانے پربات ہوگی۔ میاں نواز شریف وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد آج پہلے سرکاری دورے پر چین روانہ ہوئے۔وزیر اعظم چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی اور اسٹریٹیجک تعاون بڑھانے کے بارے میں بات چیت کریں گے۔چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی،وہ تین جولائی سے مختصروفدکے ہمراہ پہلاغیرملکی چین کادورہ کررہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی تعاون،پاک چین ٹریڈ کوریڈور،توانائی بحران، اسٹریٹیجک تعاون،ٹیکسٹائل،انجینئرنگ،انفرا اسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات چیت کریں گے۔ سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی میں تعاون کی فراہمی پر بات چیت کے علاوہ وزیراعظم چین کی کمپنیوں کو کوئلے اور شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دیں گے۔کراچی سے پشاور ہائی اسپیڈ ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی چین سے تعاون طلب کیے جانے کاامکان ہے۔ وزیر اعظم میاں نواز شریف چین کے مالیاتی اداروں،کارپوریٹ شعبے کے حکام سے ملاقاتوں کے ساتھ مختلف صنعتوں اور خصوصی اقتصادی زونز کا دورہ بھی کریں گے۔پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 12 ارب ڈالرز ہے جبکہ چین نے پاکستان میں دوارب ڈالرزکی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران لازوال دوستی کے رشتوں کو موٴثر اسٹریٹیجک تعاون میں ڈھالنے کے لیے اہم معاہدوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔