لاہور: انسانی کھال کے بنے جوتوں اور چمڑے کی دیگر مصنوعات فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایک ویب سائٹ پر فراہم کی گئی معلومات کے مطابق انسانی چمڑے سے مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی، ہیومن لیدر انسانی چمڑے سے بنا جوتا 27 ہزار ڈالر، بیلٹ 15 ہزار 750 ڈالر اور والٹ قریبا 14 ہزار ڈالر میں فروخت کر رہی ہے۔
ہیومن لیدر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ انسانی چمڑے سے مصنوعات تیار کرنے والی دنیا کی واحد کمپنی ہے جو عام انسانوں کی کمر اور پیٹ کی کھال سے جوتے اور چمڑے کی دیگر مصنوعات تیار کرتی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق بعض افراد اپنی زندگی میں اپنی کھال اس کمپنی کو فروخت کر دیتے ہیں جو ان کے مرنے کے بعد ان کے ورثاءکو بھاری رقم دے کر مرنے والے شخص کی کھال حاصل کرتی ہے اور اس سے بہترین معیار کی مصنوعات تیار کر کے اسے مہنگے داموں دنیا بھر میں فروخت کرتی ہے۔
دنیا کے کسی ملک میں اس کاروبار کو قانونی حیثیت حاصل نہیں اس لیے نہ تو ویب سائٹ پر کسی شخص یا کمپنی کا کوئی پتا درج ہے اور نہ ہی اس کاروبار کے لیے حاصل کیے جانے والے چمڑے کا کوئی ذریعہ واضح کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق خریدار کمپنی سے ای میل کے ذریعہ رابطہ کرتا ہے اور آرڈر کی جانے والی پروڈکٹ کی ساری قیمت پیشگی ادا کرتا ہے جس کے بعد یہ کمپنی قریباً 6 ماہ کے عرصہ میں ہاتھ سے بنی انسانی چمڑے کی مصنوعات اسے ارسال کرتی ہے۔
چمڑے کے ایک صنعتکار نے نے اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ درست ہے کہ اشرف المخلوقات ہونے کے باعث انسانی کھال سے دنیا کا بہترین چمڑا حاصل کیا جا سکتا ہے جو اپنے بہترین گرین اور فنش کے باعث بیش قیمت پر فروخت کیا جا سکتا ہے لیکن یہ خیال ذہن میں آتے ہی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویسے بھی اس قسم کے کسی کاروبار کو قانونی حیثیت حاصل نہیں ہو سکتی۔
یاد رہے کہ انسانی چمڑا ماضی قدیم میں اناٹومی کی کتابوں کو جلد کرنے کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔