اسلام آباد:متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پارٹی قیادت سے رضاکارانہ طور پر سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کے نجی نیوز چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ تمام اختیارات رابطہ کمیٹی کے سپرد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ اور میٹروپولیٹن پولیس نے لندن والے گھر پر چھاپہ مارا اور کئی چیزیں اٹھا کر لے گئے۔
الطاف حسین کے بقول اگر کروڑوں لوگوں کے قائد کے گھر پر چھاپہ مارا جائے تو اخلاقی اور قانونی تقاضا بھی یہی ہے کہ قیادت سے سبکدوشی اختیار کرلی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران فاروق قتل کا مقدمہ عدالت عالیہ میں پیش کیا گیا تو خود لڑوں گا،کسی وکیل، بیرسٹر یا سولسٹر کو اپنی وکالت کے لئے پیش نہیں کروں گا۔
الطاف حسین نے کہا کہ عمران فاروق کیس میں عدالت حق میں فیصلہ کرے یا خلاف من و عن تسلیم کروں گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنا اعتماد برقرار رکھیں اور حق پرستانہ جدوجہد جاری رکھیں۔