شاہد آفریدی پر بنی فلم ریلیز کے لئے تیار
کراچی:کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی کے جادوئی کیرئیر سے متاثر ہوکر تیار کی جانے والی پاکستانی فلم آئندہ ماہ ریلیز کی جارہی ہے، خام سے سونا بننے کی دل چھولینے والی کہانی کے بارے میں اس کے پروڈیوسرز کا دعویٰ ہے کہ یہ بڑی ہٹ ثابت ہوگی۔
میں ہوں شاہد آفریدی ایک نوجوان لڑکے کی کہانی ہے جو ایک عظیم کرکٹر بننے کا خواب دیکھتا ہے اور اپنے آئیڈیل کی طرح کھیلنے کے دوران اسے متعدد مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
پروڈیوسر اور پاکستان کے معروف ہدایت کار ہمایوں سعید آغاز میں شاہد آفریدی کو مرکزی کردار میں لینے کی کوشش کرتے رہے، مگر پاکستانی آل راؤنڈر نے اسے اپنی قبائلی روایات کے منافی قرار دیا۔
شاہد آفریدی کے بقول مجھے فلم میں کردار کی پیشکش ہوئی تھی مگر میرے بزرگوں نے مجھے اجازت نہیں دی کیونکہ یہ ہماری روایات کے خلاف ہے، مگر میں نے بخوشی اپنا نام استعمال کرنے کی اجازت دی کیونکہ اس فلم کے ذریعے ایک مثبت پیغام دیا جارہا ہے۔
ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ یہ فلم 10 لاکھ ڈالرز کی لاگت میں بنی ہے اور اس عید الفطر کے موقع پر پاکستان سمیت مشرق وسطیٰ اور بھارت میں ریلیز کیا جائے گا۔
اس فلم میں مرکزی کردار کراچی کے ایک نوجوان نعمان حبیب نے ادا کیا ہے جب کہ دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، ندیم بیگ، شفقت چیمہ ، ہمایوں سعید اور ماہ نور بلوچ شامل ہیں۔
اس سے قبل بھارت میں کرکٹ کے اوپر بننے والی کئی فلمیں کامیاب ہوچکی ہیں جن میں سے فلم اقبال بھارتی ٹیم میں شامل بولر مناف پٹیل کی حقیقی کہانی پر مبنی تھی۔