Monday, 8 July 2013

زہرہ قتل کی فائل لے کر عمران لندن روانہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارٹی کی بانی رکن زہرہ شاہد قتل کی فائل لیے برطانوی دارالحکومت لندن روانہ ہوگئے ہیں۔
عمران خان کے ساتھ ان کے پولیٹیکل ایڈوائز نعیم الحق بھی لندن گئے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کی لندن روانگی کا مقصد ان کا طبی معائنہ بتایا گیا ہے اور وہ کچھ وقت اپنے بچوں اور سابق اہلیہ کے ساتھ بھی گزاریں گے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے دورے کا اہم مقصد پی ٹی آئی کی خاتون رہنما زہرہ شاہد کے قتل کا معاملہ برطانوی حکام کے سامنے اٹھانا ہے۔
یاد رہے کہ زہرہ شاہد کو کراچی میں واقع ان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا، عمران خان نے ان کے قتل کا الزام براہ راست ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر عائد کیا تھا جنہوں نے پی ٹی آئی ورکرز کو دھمکیاں دیں تھیں۔
دو روز قبل عمران خان نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ وہ اپنی اس بات پر قائم ہیں کہ زہرہ شاہدہ کو الطاف حسین نے قتل کرایا ہے۔
اس ضمن میں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ لندن میں رہائش پذیر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی کشتی ان دنوں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس اور منی لانڈرنگ کے بھنور میں آگئیہے، وہ اپنی اس پریشانی کی بڑی وجہ عمران خان کو بھی قرار دیتے ہیں۔
ان کے بقول برطانوی اسٹیبلشمنٹ عمران خان کو ان کے خلاف استعمال کررہی ہے۔
عمران خان کی وطن واپسی 20 جولائی کو ہوگی جس کے باعث وہ 12 جولائی کو ہونے والی حکومتی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
عمران خان کی غیر موجودگی میں پارٹی صدر جاوید ہاشمی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی تنظیمی معاملات چلائیں گے۔
پارٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان برطانیہ سے واپسی کے بعد بھرپور سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا ارداہ رکھتے ہیں۔