کراچی:پاکستان کے معاشی حب کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس مقبول باقر پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو دو ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری سرجانی ٹاؤن میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر مشترکہ کاروائی کے دوران مقابلے کے بعد عمل میں آئی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق نشاندہی کرنے والے ملزم کو منگل کی شام حساس ادارے کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی نشاندہی پر سرجانی ٹاؤن میں ہی کارروائی کی گئی جس کے نیتجے میں جسٹس مقبول باقر پر حملے کا ماسٹر مائنڈ دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 26 جون کو سندھ ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر بم حملے میں رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک جبکہ جسٹس مقبول باقرسمیت 18افراد زخمی ہوگئے تھے۔