بیجنگ : چین کے جنوب مغربی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے زلزلے جیسی تباہی مچا دی ہے۔ بڑی تعداد میں مکان، درجنوں سڑکوں اور پلوں سمیت انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہوگئے۔
کہیں ٹوٹی سڑکیں، تو کہیں گرے ہوئے پل کئی علاقوں کا زمینی راستہ ہی کٹ گیا ہے۔
جنوب مغربی چین کے صوبے سچوان میں حالیہ بارش اور سیلاب سے برا حال ہے۔ ریلوں کے آگے نہ پل ٹک سکے نہ ہی مکان، سڑکیں بھی جگہ جگہ سے بہہ گئیں۔
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چھوٹے قصبوں کو بڑے شہروں سے ملانے والی شاہراہیں بھی تباہ حال ہیں جس کی وجہ سے چھ کاوئنٹی میں ہزاروں افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
سیلاب میں کئی مکان بھی بہہ گئے ہیں۔ امدادی ٹمیں بھاری مشنیوں سے ملبہ اٹھانے میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق سیلاب میں ہلاک اور لاپتا ہونے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ ہزاروں افراد متاثر ہیں۔