گلگت … گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نانگا پربت بیس کیمپ پر حملے میں ملوث 15 حملہ آوروں کی نشاندہی ہوگئی ہے، حملے کے ماسٹر مائنڈ مجید کا تعلق ضلع دیامر کے علاقے چلاس سے ہے، تمام ملزمان ضلع دیامر کی حدود میں موجود ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری منیر احمد بادینی ، آئی جی پولیس عثمان زکریا اور سیکریٹری داخلہ عطاء الرحمان نے گلگت میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ غیرملکی کوہ پیماوٴں کے قتل میں ملوث 15 میں سے 10 دہشت گردوں کا تعلق دیامر، 3 کا کوہستان اور 2 کا تعلق مانسہرہ سے ہے، ملزموں نے وزیرستان سے ٹریننگ حاصل کی ہے، حملے کے ماسٹر مائنڈ مجید کا تعلق چلاس سے ہے، ملزموں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کوہ پیماوٴں کو قتل کیا۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد حراست میں لئے گئے مقامی پورٹرز اور گائیڈ سے پوچھ گچھ کے دوران حملہ آوروں کی نشاندہی ہوئی، تفتیش میں پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی مدد بھی حاصل رہی۔ آئی جی پولیس عثمان زکریا کا کہنا تھا کہ سانحہ نانگا پربت میں ملوث تمام دہشت گرد ضلع دیامر کی حدود میں موجود ہیں جنہیں دیامر جرگے کے ارکان کی مدد سے جلد گرفتار کرلیں گے۔ |