اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری سے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملاقات کی ہے۔صدر زرداری کا کہناہے کہ افغانستان میں امن کاواحدراستہ مذاکرات اور مفاہمتی عمل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مفاہمتی عمل میں تمام فریقین کے جائز تحفطات کا خیال رکھا جائے گا۔برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سیملاقات کی ۔صدارتی ترجمان کے مطابق ون ٹوون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پربھی مذاکرات ہوئے۔ صدر زرداری کاکہناتھاکہ پاکستان جنگ زدہ افغانستان میں مستحکم اور طویل المیعاد امن کے قیام کی ہر کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔صدرنے زوردیاکہ برطانیہ توانائی سمیت انفرا اسٹرکچر،زراعت،زرعی صنعت اور کانکنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے اور جی ایس پی پلس اسکیم میں شمولیت کے لیے تعاون کرے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری انتقال اقتدار کا سہرا تمام سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹ اور عوام کے سرہے،عوام نے عسکریت پسندوں اورجمہوریت مخالف عناصر کی دھمکیوں کے باوجود الیکشن میں بھرپور حصہ لیا۔ |