Monday, 24 June 2013

عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار شخص کے نام کا انکشاف


لندن:اسکاٹ لینڈیارڈ پولیس کی جانب سے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار مشتبہ شخص کے نام کا انکشاف ہواہے۔
نان آفیشل ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ زیر حراست مشبہ شخص کا نام افتخار حسین ہے جسے لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ لندن پولیس نے زیر حراست 52 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی شخص کی گرفتاری کی تصدیق تو کی تھی تاہم نام نہیں بتایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افتخار حسین اپنی بھتیجی کی شادی میں شرکت کے لئے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو گئے تھے جہاں سے واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
افتخار حسین برٹش ائیر لائنز کی کینیڈا سے لندن جانے والی فلائٹ بی اے زیرو زیرو نائن ایٹ سے لندن آئے تھے جہاں اسے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔
افتخار حسین کے ایک رشتہ دار کا کہنا ہے کہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر ان سے تفتیش کی گئی تھی۔
پاکستانی ٹیلی ویژن چینل اے آر وائی نے دعوی کیاہے کہ افتخارحسین قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ٹورنٹو میں 4 برسوں سے ملازمت کرتے رہے ہیں اور نادرا کے سیکشن میں ذمہ دارہیں۔
خیال رہے کہ پیر کو اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق کے قتل میں  ملوث ایک مشتبہ شخص کو ہیتھرو ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔مذکورہ شخص کومتحدہ قومی موومنٹ کے سابق مقتول رہنماعمران فاروق کے قتل سے متعلق قراردیاگیاہے۔