لاہور : پاکستانی کرکٹ ٹیم پر میچ فکسنک کا دھبہ لگانے والے فاسٹ بولر محمد آصف کے ساتھ ہونے والی مبینہ ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔
مشرقی صوبے پنجاب کے صدر مقام لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں سیف ڈوگر نامی ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے محمد آصف کے خلاف تھانے میں درخواست دی۔
پولیس کے مطابق محمد آصف کا لاہور ڈیفنس میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے مالک سے گزشتہ رات تین بجے جھگڑا ہوا جس کے بعد انہوں نے وکیل کے کہنے پر ڈکیتی کا ڈراما رچایا اور سیف ڈوگر پر لوٹنے کا الزام لگایا۔
یاد رہے کہ محمد آصف نے بدھ کو یعنی آج لاہور کے متعلقہ تھانے میں ایک مقدمہ درج کرایا ہے جس میں انہوں نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا کہ وہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ گئے ہیں۔
سابق کرکٹر محمد آصف کے مطابق وہ لاہور ایئرپورٹ سے گھر کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے زبردستی ان کی گاڑی کو روکا اور لوٹ مار کی اور چیزیں لے کر فرار ہوگئے۔
محمد آصف کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس کے قریب چار ڈاکوؤں نے ان سے لوٹ مار کی اور نقدی، گھڑی اور قیمتی دستاویزات چھین کر فرار ہوگئے۔
محمد آصف کے مقدمہ درج کرانے کے کچھ ہی دیر بعد مذکورہ ملزم سیف ڈوگر نے ڈکیٹی کے واردات کا بھانڈا پھوڑ دیا اور پولیس کو حقیقت سے آگاہ کیا۔
سیف ڈوگر کے مطابق محمد آصف گزشتہ رات شراب کے نشے میں دھت ان کے ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور وہاں بلاوجہ توڑ پھوڑ کی جس پر انہیں روکنے کی کوشش کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کرکٹر محمد آصف کے ساتھ ڈکیتی کی کوئی واردات نہیں ہوئی، اور ریسٹورنٹ کے مالک کی درخواست پر محمد آصف کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔